فیس بُک مونیٹائزیشن پالیسی اور کروڑوں ڈالر کا سبز باغ
فیس بُک سے ڈالرز کمانے کا اصلی طریقہ جان لیں۔۔۔
تحریر: ظاہر محمود
آج صبح اُٹھا تو ہر طرف فیس بک کانٹینٹ کرئیٹرز دندناتے پِھر رہے تھے، بغلیں بجا رہے تھے کہ لو بھئی اب تو اَپن بھی فیس بک سے ڈالرز کماوے گا کیونکہ فیس بک نے کہہ دیا ہے کہ اگر تم ایک ماہ میں ۳ لاکھ سے زائد ویوز اپنے کانٹینٹ پہ حاصل کر لِیوَت ہو تو بھئی تم مہان ہو۔
اب دیکھو بھئی اصل لفڑا کیا ہے؟ فیس بک نے ببانگِ دُہل کہا ہے کہ اگر تم ۳ لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر لیتے ہو تو تم مونیٹائزیشن پالیسی کے لیے اہل ہو گے مگر مونیٹائزیشن ہو گی یا نہیں، اس کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔
اول تو یہ کہ فیس بُک سے کمانا کوئی خالا جی کا گھر نہیں ہے، اس رمضان میں تمام تر پالیسیوں کو بعینہٖ ماننے کے ساتھ میری وال کے کُل ویوز ساڑھے چار کروڑ یعنی ۴۵ ملین تھے، اور اس سے پہلے ہی میری فیس بک وال مونیٹائزیشن کے لیے اہل قرار دی جا چکی تھی۔
یعنی نئے کانٹینٹ کرئیٹرز جو ۳ لاکھ ویوز لے آ کر اس پالیسی کے اہل ہوں گے، اس کے بعد ان کے ساتھ کیا بِیتے گی، وہ میں پہلے ہی بُھگت رہا ہوں۔ یہ تو چلو رمضان کی بات ہے، اس وقت بھی جب میں زیادہ متحرک ہو کر کانٹینٹ نہیں بنا رہا، میرے ویوز ۱۱ لاکھ سے زائد ہیں۔
اب تک آپ کو ویوز کی کہانی تو سمجھ آ گئی ہو گی، اب آپ کو بتاتا ہوں کہ کس طرح کے کانٹینٹ پر ایسی مونیٹائزیشن کی اہلیت جانچی جا سکتی ہے۔
اول تو آپ کو جینوینلی اپنے موبائل یا کی بورڈ سے اپنے خیالات یا احساسات کو فیس بک وال پر اُنڈیلنا ہو گا۔ ایسا ہر گز نہیں ہو گا کہ آپ کسی مشہور واقعے کی ویڈیو اُٹھا کر ٹھوک دیں اور ۳ لاکھ کا ٹارگٹ پورا کریں۔
دوم اگر آپ کے ذاتی پیدا کردہ کانٹینٹ میں کسی بھی قسم کا معیوب لفظ یا ایسے الفاظ آ گئے جن پر فیس بک کی اے آئی کمانڈ برہم ہو گئی تو بھئی مونیٹائزیشن تو بعد کی بات ہے، عین ممکن ہے آپ کا پیج ہی جنت بُرد ہو جاوے۔
ایسے بہت سارے واقعات، ویژوئلز اور الفاظ ہیں جنھیں آپ اپنی تحریر یا ویڈیو میں استعمال نہیں کر سکتے اور وہ ایسے خ بیث ہیں کہ میں بھی یہاں لکھ کر نہیں بتا سکتا۔ اس سب کے لیے آپ کو فیس بُک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کا باریکی سے مطالعہ کرنا ہو گا۔
مگر ٹھہریے! باریکی سے مطالعہ بھی تجربے کی جگہ نہیں لے سکتا، میرا اکاؤنٹ شاید ۲۰۱۴ء میں معرضِ وجود میں آیا تھا مگر آج تک ایک بار بھی تعطل کا شکار اسی لیے نہیں ہوا کہ میں یہاں جذبات کی بجائے فہم اور دلائل کی بنیاد پر لکھتا ہوں۔
سو پہلی بات تو یہ ہے کہ ابھی سے فیس بُک سے آئے ڈالروں سے مالدیپ کے جزیروں پر اپنی جُھگیاں بنانے کے خواب نہ دیکھیں کیونکہ بقول منیر نیازی صاحب
ایک اور دریا کا سامنا تھا مُنیر مُجھ کو
میں ایک دریا کے پار اُترا تو میں نے دیکھا
ہاں البتہ فیس بُک پہ اچھا کانٹینٹ کری ایٹ کرنا سیکھیں اور باقاعدگی کے ساتھ ایک پلان کے تحت ڈالتے رہیں، قسمت میں ڈالرز ہوئے تو بہت جلد ملیں گے، میں ایسے دو چار دوستوں کو جانتا ہوں جو اسی جستجو اور محنت کے ساتھ کانٹینٹ بنا رہے ہیں اور لاکھوں کما رہے ہیں۔
باقی رہی بات مشاورت کی تو اگر کوئی سنجیدہ لڑکی مجھ سے مشورہ کرنا چاہے تو میں ۲۴ گھنٹے حاضر ہوں، البتہ سنجیدہ شخص کے لیے مشاورتی فیس عائد ہو گی۔
وما علینا الا البلغ المبین
#FacebookMonetization
#FacebookEarnings
#MetaMonetization
#ContentCreator
#OnlineEarning
#PakistanCreators
#FacebookPolicy
#SocialMediaTips
#DigitalEarning
#ViralContent


