"وادی بلیجہ: ہزارہ کے سبز قالین پر جنت کا عکس”
🌿 شمالی پاکستان کی وادیوں میں ایک سیاح کا سفر – ظہیر شاہ زاری کی آنکھوں سے!
پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقے ہر دلعزیز ہیں، مگر جب ان وادیوں کو ایک با ذوق اور فطرت شناس سیاح اپنی آنکھ سے دیکھتا ہے، تو مناظر الفاظ میں ڈھل کر دوسروں کے دلوں کو بھی چھو جاتے ہیں۔
ظہیر شاہ زاری—ایک معروف پاکستانی سیاح—ان دنوں شمالی پاکستان کے دلکش علاقوں میں محوِ سفر ہیں۔ پہاڑوں کی بلندیاں،
جنگلات کی خاموشی، بہتے چشمے اور سرسبز میدان ان کی محبت ہیں۔
چکوال پلس کے قارئین کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ وہ اپنی یادگار تصویریں اور مشاہدات ہم سب کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔ ان کی اجازت سے یہ خوبصورت تحریر اور تصاویر آپ کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔
🌐 ظہیر شاہ زاری کے مزید سفری لمحات دیکھنے کے لیے ان کے فیس بک پیج کا وزٹ ضرور کریں۔ لنک تحریر کے آخر میں دیا گیا ہے۔

اتنا قریب اور اتنا خوبصورت میدان شاید پہلے آپ نے کبھی نہ دیکھا ہو بلیجہ ویلی” ہزارہ ڈویژن کا سب سے بڑا میدان اس ویلی میں واقع ہے وادی بلیجہ:
پاکستان کے شمالی علاقے اپنی فطری خوبصورتی اور دلکش مناظر کی بدولت دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ناران، کاغان، گلگت، بلتستان، چترال اور کمراٹ جیسے علاقے اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ مگر ان دلکش مقامات کے ساتھ ایک اور جنت نظیر وادی، بلیجہ ویلی، بھی اپنی قدرتی حسن اور دلفریب مناظر کی بدولت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ میری خواہش ہے کہ یہ وادی بھی دنیا کے نقشے پر اپنی جگہ بنا لے اور اس کا نام پوری دنیا میں پہچانا جائے۔

وادی بلیجہ: مقام اور رسائی
بلیجہ ویلی ضلع مانسہرہ اور ضلع بٹگرام کے درمیان واقع ہے، جو وادی سرن اور وادی کونش کے سنگم پر موجود ہے۔ اس جادوئی وادی تک پہنچنے کے لیے آپ کو اسلام آباد سے مانسہرہ، شنکیاری اور وہاں سے جبوڑی تک کا سفر طے کرنا ہوگا۔ جبوڑی سے میل بٹ تک ایک گھنٹے کی ڈرائیو کے بعد تقریباً چار گھنٹے کی پیدل چڑھائی آپ کو بلیجہ ویلی کے دلفریب میدانوں میں لے آتی ہے، وادی سرن میں جیسے ہی اپ انٹر ہوں گے تھوڑا اگے جا کے سرن کے انتہائی خوبصورت منظر لطف اندوز ہو جائیں گے اور یہی سرن ویلی کا جو راستہ ہے ضلع مانسہرہ کی سب سے بڑی دو چوٹیوں کی طرف بھی جاتا ہے موسٰی کا مصلیٰ پہاڑ اور چرکو، پہاڑ یہ سرن ویلی کے دو اونچے پہاڑ ہیں سمٹ کے لیے یہ بھی اسی روٹ میں آتے ہیں مگر میں آج اپ کو بلیجہ ویلی کی سیر کرواتا ہو،

قدرتی حسن اور جنگلات
بلیجہ تک کا سفر ایک گھنے جنگل سے ہو کر گزرتا ہے، جہاں آپ کو دیاڑ، بیاڑ، فراور، اور سپروز جیسے درخت دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ جنگل اپنی قدرتی شان و شوکت کے لیے مشہور ہیں۔ ہائیکنگ کے دوران آپ کو چھوٹے چھوٹے میڈوز اور خوبصورت چشمے نظر آئیں گے جو سفر کو یادگار بناتے ہیں
سرسبز میدان اور برفانی مناظر
تقریباً دس ہزار فٹ کی بلندی پر واقع یہ وادی فارسٹ لائن کے بعد سنو لائن کا آغاز کرتی ہے، جہاں سال کے بیشتر مہینے برف کی چادر تنی رہتی ہے۔ جب برف پگھلتی ہے، تو یہ میدان سرسبز قالین کی مانند نظر آتے ہیں۔ جولائی کے مہینے میں جب بارشوں کے بعد جنگلی پھول کھلتے ہیں، تو یہ جگہ جنت کا منظر پیش کرتی ہے۔

اہم مقامات
وادی بلیجہ میں کئی خوبصورت میڈوز موجود ہیں، جن میں ٹپری ٹاپ، ٹپر ٹاپ، چھپڑی میڈوز، بٹل میڈوز، اور بلیجیاں ٹاپ شامل ہیں۔ ان میں سے بلیجیاں ٹاپ میری پسندیدہ جگہ ہے۔ اس کے علاوہ ڈوگا میڈوز بھی ایک منفرد مقام ہے، جہاں کا راستہ انتہائی حسین ہے۔
رہائش اور سہولیات
بلیجہ کے میدانوں میں رہائش کا کوئی انتظام موجود نہیں، اس لیے یہاں آنے والے سیاحوں کو کیمپ اور کھانے پینے کا سامان ساتھ لانا پڑتا ہے۔ ایک چھوٹی سی دکان موجود ہے جہاں سے معمولی سامان جیسے آلو، گھی، اور نمک وغیرہ خریدا جا سکتا ہے۔
ہائیکنگ کا تجربہ
بلیجہ ویلی کی ہائیکنگ تھوڑی مشکل ضرور ہے، لیکن جب آپ ان میدانوں میں پہنچتے ہیں، تو تمام تھکاوٹ ختم ہو جاتی ہے۔ اس وادی کے حسین نظارے اور سرسبز میدان دیکھ کر روح کو سکون ملتا ہے۔
موسم اور سیاحتی وقت
مئی کے مہینے سے سیاح یہاں آنا شروع کر دیتے ہیں، لیکن جولائی میں اس جگہ کا حسن اپنے عروج پر ہوتا ہے۔ اکتوبر کے بعد برف باری کا آغاز ہوتا ہے، اور تقریباً 15 فٹ برف پڑتی ہے، جس کی وجہ سے مقامی چرواہے اپنے مال مویشیوں کے ساتھ نیچے علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔
پیغام
بلیجہ ویلی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے، جسے ہمیں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ میری دعا اور امید ہے کہ یہ وادی جلد ہی دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی کے لیے مشہور ہو جائے گی۔ تمام بھائیوں سے گزارش ہے کہ اس وادی کی سیر کریں اور اس کے حسین مناظر کا لطف اٹھائیں۔ یقین کریں، یہ جگہ آپ کی توقعات سے بڑھ کر ہوگی۔
بلیجہ ویلی کی خوبصورتی کو مزید مشہور کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انشاءاللہ، محنت رنگ لائے گی، اور دنیا اس جنت نظیر وادی کو جاننے لگے گی۔ اس ویلی کی مزید خوبصورتی دیکھنے کے لیے مجھے
فیسبک پہ ضرور فالو کیجئے گا تاکہ میری مزید پوسٹیں آپ تک پہنچ سکیں بہت بہت شکریہ جزاک اللّٰه
Zaheer Shah Zaari