چکوال میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن،
17 افراد گرفتار: ایس ایچ او تھانہ سٹی رافع توصیف
انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں، زیرو ٹالرنس پالیسی، جعلی دستاویزات اور منشیات کے خلاف سخت اقدامات
چکوال پلس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی چکوال رافع توصیف نے کہا ہے کہ چکوال شہر اور اس کے گرد و نواح میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 17 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے کیمپس منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ تمام کارروائیاں خفیہ اداروں کی فراہم کردہ مصدقہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ایس ایچ او رافع توصیف کا کہنا تھا کہ جب کسی فرد کے بارے میں مکمل تصدیق ہو جاتی ہے تو پولیس بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ آپریشن آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی واضح ہدایات پر کیا جا رہا ہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک غیر قانونی طور پر مقیم افراد کا مکمل انخلا نہیں ہو جاتا۔
افغان باشندوں کی پاکستانی شہریوں سے شادیوں کے حوالے سے ایس ایچ او نے کہا کہ اس معاملے میں عدالتی اور حکومتی فیصلوں کو سامنے رکھ کر کارروائی کی جائے گی۔ اگر کوئی فرد سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق قانونی تقاضے پورے نہیں کرتا تو اس کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
جائیدادوں کی خرید و فروخت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال کوئی ٹھوس ریکارڈ سامنے نہیں آیا، تاہم جعلی شناختی دستاویزات کے ذریعے رہائش پذیر افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور گرفتاری کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
منشیات کے خلاف کارروائی پر بات کرتے ہوئے ایس ایچ او رافع توصیف نے کہا کہ ٹاسک فورس اور مختلف ایجنسیوں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل درآمد ہو رہا ہے۔
جرائم کی مجموعی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ جرائم کے خدشات بڑھتے ہیں، تاہم پولیس گشت کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ڈی پی او چکوال کاشف ذوالفقار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او نے کہا کہ ان کا تجربہ، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مؤثر حکمت عملی جرائم کے خاتمے میں نہایت معاون ثابت ہو رہی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوال پلس (فاروق منہاس اور صفدر ملک) کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔



